کابل ٗ لندن (مانیٹرنگ ڈیسک ٗ این این آئی ) افغان طالبان نے اپنے جنگجوئوں کو نئی ہدایات جاری کردی ہیں اور کہا ہے کہ کابل کا کنٹرول طاقت کے ذریعے لینے کا کوئی ارادہ نہیں اور اپنے جنگجوئو ں کو ہدایت کی ہے کہ ” کابل کے دروازوں پر رہیں، اقتدار کی منتقلی تک شہر میں داخل نہ ہوں، افغان حکومت کابل
کی سیکیورٹی کی ذمہ دار ہے”۔دی گارجین کے مطابق طالبان ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ ” ہم نہیں چاہتے کہ کنٹرول حاصل کرنے کے دوران ایک بھی معصوم افغان شہری زخمی ہویا مارا جائے لیکن ہم نے ابھی سیز فائر کا اعلان نہیں کیا”۔دوسی جانب مرحوم افغان رہنما احمد شاہ مسعود کے صاحبزادے احمد مسعود نے کہاہے کہ طالبان بندوق کے زور پر نظریات ملسط نہ کریں تو ان سے مذاکرات کے لیے تیار ہوں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو میںان کا کہنا تھا کہ استحکام اور باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی حل پریقین رکھتاہوں، اپنے والدکی طرح کبھی بھی غیر ملکی طاقت کی ڈکٹیشن قبول نہیں کروں گا۔افغانستان کی موجودہ صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے احمد مسعود کا کہنا تھا کہ اشرف غنی افغان عوام کو سکیورٹی اور سیاسی قیادت فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کوپاکستان کے ساتھ ایماندارانہ اسٹریٹجک شراکت داری کی ضرورت ہے، پاکستان اور افغانستان کو سیاسی استحکام اور سلامتی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ والد احمد شاہ مسعود پاکستان سے باہمی احترام پر مبنی مضبوط تعلقات چاہتے تھے۔