اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سردار عبدالقیوم نیازی نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے وزیراعظم کا حلف اٹھا لیا جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں انکشاف کیا کہ لوگوں نے شیروانیاں سلوائی ہوتی ہیں لیکن میرے پاس تو کپڑے بھی نہیں تھے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم
آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ مجھے اطلاع دیر سے دی گئی ، جس نظام کے تحت میں آیا ، مجھے صبح اطلاع دی گئی کہ آپ نے وزیراعظم آزاد کشمیر کا حلف اٹھانا ہے ، یہ بھی نئی بات ہے ، لوگوں نے شیروانیاں اور کپڑے تیار کئے ہوتے ہیں لیکن مجھے تو یہ بھی پتا نہیں تھا کہ یہ کپڑے مجھے کس نے لا کر دیئے ، میرے پاس تو کپڑے بھی نہیں تھے ، میں سیاسی کارکن اور سپاہی ہوں ۔ دوسری جانب نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی اور تجزیہ کار رانا عظیم کا کہنا ہے کہ ہمیں وزیراعظم پاکستان عمران خان کو داد دینی چاہئے کہ جب پنجاب کی باری تھی تو وزارت اعلیٰ کے بڑے تگڑے امیدوار بھی سائیڈ پر ہو گئے اور اچانک عثمان بزدار سامنے آ گئے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی بڑی پاور اور پیسے والے لوگ موجود تھے مگر سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم بنا دیا گیا۔میری دو گروپوں کے ذمہ داران سے بات ہوئی تو انہوں نے کہا نیازی 6 ماہ وزیراعظم رہیں گے اس کے بعد نیا وزیراعظم ہو گا۔