اسلام آباد (نیوز ڈیسک) غیر ملکی مالیاتی جریدے بلومبرگ نے سال 2025 کے لیے دنیا کے سب سے زیادہ دولت مند خاندانوں کی نئی فہرست جاری کر دی ہے، جس میں 25 امیر ترین خاندانوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک برس کے دوران ان خاندانوں کی مجموعی دولت میں تقریباً 358.7 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کی مجموعی دولت بڑھ کر 2.9 ٹریلین ڈالر تک جا پہنچی ہے۔اس فہرست میں عرب دنیا کے تین نمایاں شاہی اور بااثر خاندان بھی شامل ہیں۔ ان میں متحدہ عرب امارات کا آل نہیان خاندان، سعودی عرب کا شاہی آل سعود خاندان اور قطر کا حکمران آل ثانی خاندان نمایاں ہیں۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ابوظبی کے حکمران آل نہیان خاندان کو دنیا کا دوسرا سب سے امیر خاندان قرار دیا گیا ہے، جن کے اثاثوں کی مالیت کا اندازہ 335.9 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ اسی طرح سعودی عرب کے شاہی آل سعود خاندان کو تیسری پوزیشن حاصل ہوئی ہے، جن کی مجموعی دولت تقریباً 213.6 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔قطر پر حکمرانی کرنے والا آل ثانی خاندان اس فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود ہے، جس کے اثاثوں کی مجموعی مالیت تقریباً 199.5 ارب ڈالر کے قریب بتائی گئی ہے۔فہرست میں سب سے زیادہ دولت رکھنے والے خاندان کے طور پر امریکا کے والٹن خاندان کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے، جو عالمی ریٹیل کمپنی والمارٹ کے مالک ہیں۔ رپورٹ کے مطابق والٹن خاندان کی مجموعی دولت کا تخمینہ 513.4 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔















































