لاہور (آن لائن، این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف گزشتہ چند روز میں درج کیا گیا یہ تیسرا مقدمہ ہے جو تھانہ گرین ٹائون میں تھانے کے ایس ایچ او صغیر احمد کی
مدعیت میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں نذیر چوہان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ 25 جولائی کو آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوران ٹائون شپ میں واقع ایک پولنگ سٹیشن پر اپنے 25 کارکنوں کے ہمراہ آئے جہاں نذیر چوہان نے کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے ایس ایچ او صغیر احمد سے بدتمیزی کا مظاہرہ کیا تھا، دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ نے نذیر چوہان کا 2 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ یوسف عبد الرحمان نے کیس کی سماعت کی۔ گرفتار ایم پی اے نذیر چوہان کو ایف آئی اے حکام نے عدالت کے روبرو پیش کیا۔ ایف آئی اے نے نذیر چوہان کا جسمانی ریمانڈ مانگ لیا۔ وکیل ایف آئی اے نے موقف اپنایا کہ ملزم سے تفتیش مکمل کرنی ہے، جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے نذیر چوہان کا 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت نے کہا کہ ایف آئی اے 31 جولائی کو ملزم کو دوبارہ پیش کرے۔