لاہور( این این آئی)تھانہ سول لائنز پولیس نے جہانگیر ترین گروپ کے رکن اسمبلی نذیر چوہان کو حراست میں لے لیا، نذیر چوہان کو وزیراعظم کے مشیر برائے احتسا ب و داخلہ شہزاد اکبر کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے میں حراست میں لیا گیا ۔ شہزاد اکبر کی
جانب سے تھانہ سول لائنز میں ایک درخواست دی گئی تھی جس میں موقف اپنایا گیا تھاکہ نذیر چوہان نے ایک ٹی وی چینل پر بیٹھ کر ان کے عقیدے کے حوالے سے بے بنیاد الزامات عائد کئے ۔ پولیس نے شہزاد اکبر کی جانب سے دی گئی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا تھا ۔نذیر چوہان اپنے حامیوں کے ہمراہ دو بار گرفتاری دینے کیلئے تھانہ سول لائنز گئے تھے تاہم پولیس کی جانب سے انہیں گرفتار نہیں کیا گیا تھا ۔ گزشتہ روز تھانہ سول لائنز پولیس نے نذیر چوہان کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ نذیر چوہان کو ایف آئی اے لے جایا جائے گا جہاں ان کی آواز کا ٹی وی چینل کے انٹر ویو سے میچ کرایاجائے گا۔ ایف آئی اے سے فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔علاوہ ازیں نذیر چوہان کو حراست میں لئے جانے پر جہانگیر ترین گروپ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ذرائع کے مطابق اس حوالے سے جلد اجلاس بھی بلائے جانے کا امکان ہے۔