لاہور(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی ہوس زر کا خمیازہ صنعت اور سی این جی مالکان کو اربوں روپے کے نقصان کی صورت بھگتنا پڑ رہا ہے.شہباز شریف نے ملک میں صنعتوں اور سی این جی کے شعبے کو گیس کی فراہمی کی مکمل بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ
گزشتہ مہینے سے بجلی اور گیس کی لامتناہی لوڈ شیڈنگ کا افسوسناک سلسلہ جاری ہے، گرمیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے جو بدانتظامی کی انتہا ہے، ملک میں اضافی بجلی موجود ہونے کے باوجود بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ جاری ہے، اس سے بھیانک بدانتظامی اور کیا ہوسکتی ہے؟۔شہباز شریف نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملکی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بجلی کی پیداواری صلاحیت بڑھائی، گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے پیچھے پی ٹی آئی کی دولت کمانے کی ہوس اور بدترین نااہلی ہے،گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی بنیادی وجہ وزیراعظم اور اس کی کابینہ ہے۔رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ مقامی صنعت اور سی این جی کے شعبے کو گیس کی مکمل بندش قوم کے لئے ایک اور بری خبر ہے، اس سے پہلے گیس بحران کا ملبہ پی ٹی آئی نے ایل این جی ٹرمینل کی دو روزہ بندش پر ڈالا تھا، پی ٹی آئی کی ہوس زر کا خمیازہ صنعت اور سی این جی مالکان کو اربوں روپے کے نقصان کی صورت بھگتنا پڑ رہا ہے، بہترین مہنگائی، بے روزگاری، تباہ حال معیشت میں گیس کی لوڈشیڈنگ عوام کی زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، حکومت بحران پر قومی اسمبلی میں بحث کرائے تاکہ اس مسئلے کا کوئی حل نکلنے سے عوام کو ریلیف مل سکے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی ہوس زر کا خمیازہ صنعت اور سی این جی مالکان کو اربوں روپے کے نقصان کی صورت بھگتنا پڑ رہا ہے