پشاور(آن لائن)شانگلہ میں مسلم لیگ نون کو دھچکا، ایک ہی دن میں دو اہم وکٹیں گر گئیں۔ خیبرپختونخوا کے وزیر برائے محنت و ثقافت شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے کا عزم کیا ہے، صوبائی حکومت صوبے کے تمام اضلاع کو یکساں ترقی دینے کے لئے سرگرم ہے اور بہت جلد
شانگلہ کی محرومیاں بھی ختم ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اب ووٹ کارکردگی پر ملے گا۔سڑکیں ،سکول اور صحت کے مراکز بنائیں گے۔آئیندہ پلاسٹک پائپ پر ووٹ خریدنے والوں کو مایوسی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک خیل اچر میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مسلم لیگ نون کی اہم شخصیت فضل خالق خان نے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ نون سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر فضل خالق خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ 40 سال سے زائد مسلم لیگ میں رہے مگر اقتدار میں آنے کے باوجود کسی پارٹی نے علاقے کی ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا تحریک انصاف نے کم عرصہ میں شانگلہ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا ہے۔ شوکت یوسفزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کہ ملک خیل یوسی مسلم لیگ کا گڑھ تھا لیکن فضل خالق خان اور نعمت خان چئیرمن کی تحریک انصاف میں شمولیت سے اب یہ تحریک انصاف کا گڑھ بنے گا۔عوامی مطالبے پرصوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے بازار کوٹ ٹو نوابے روڈ، بازار کوٹ ٹو اچرسر روڈ، شانگلہ ٹاپ ٹو سوکء روڈ اور گاڈوا روڈ کی تعمیر اور درجنوں پینے کے پانی کے منصوبوں کا اعلان کیا اس موقع پر پی ٹی آئی ملاکنڈ ڈویژن کے سینئر نائب صدر سدیدالرحمان خان ضلعی صدر وقار احمد خان سابق امیدوار قومی اسمبلی نواز محمود خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔