اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہحکومت پاکستان نے اپنے عوام کو ایک کروڑ کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مکمل کرلیا ہے۔ عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد ویکسین لگوالیں تاکہ پابندیوں میں نرمی کی جا سکے ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں منعقدہ تقریب میں میڈیا کو بتایا کہ اس سال کے آخر تک سات کروڑ
افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔ روزانہ تین لاکھ کے قریب افراد کو ویکسین لگائی جاتی ہے۔ اسدعمر نے اپیل کی کہ عوام لازمی اپنی رجسٹریشن کرائیں تاکہ کورونا وبا کو پھیلنے سے روکا جائے خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے ابھی بھی3ہزار کے قریب لوگ وینٹی لیٹر پر ہیں۔ حکومت کو عوام کے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ وبا کیخلاف مل کر لڑا جا سکے۔سربراہ این سی اوسی اسد عمر کی ملک بھر کے شہریوں سے کورونا ویکسی نیشن کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنی تیزی سے ویکسین لگے گی اتنی جلدی پابندیاں ختم ہوں گی۔پاکستان میں اس وقت18سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر1166 پر بھیج کر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔ویکسینیشن کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں
44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔ انشاء اللہ ملک میں اب تک ہونے والی کورونا ویکسینیشن کی تعداد ایک کروڑسے تجاوزکرجائے گی۔ الحمدللہ لوگ رجسٹرڈ بھی ہورہے ہیں اورویکسین بھی بڑی تعداد میں لگائی جا رہی ہیں۔اسد عمرنے عوام سے ایک بارپھراپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگرآپ نے ابھی تک نہیں لگوائی توجلد ہی لگوائیں۔