اسلام آباد(این این آئی)بھارت میں کرونا وائرس کی خطرناک قسم کے پھیلاؤ او ر بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث پڑوسی ملک سے 12 سفارتی اہل کار پاکستان پہنچ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بھارت میں کرونا کی خطرناک قسم کے پھیلاؤ کے باوجود خطرناک بے احتیاطی کی گئی ہے، بارہ سفارتی اہل کار پاکستان پہنچ گئے ہیں، پنجاب ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے
اہل کاروں کے کرونا ٹیسٹ کر لیے۔پنجاب ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی سفارتی اہل کار بریپیش کی اہلیہ منجو کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔سفارتی اہل کار کی اہلیہ منجو کو واپس بھیجنے کی بجائے بھارتی سفارت خانے بھیج دیا گیا، کرونا پازیٹو خاتون کو سفارت خانے ہی میں قرنطینہ کی ہدایت کر دی گئی ہے۔دوسری جانب ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان کوروناوبا کے باعث مزید 74 افراد جاں بحق اور 3 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 62 ہزار 061 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 1277929 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 084 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 900552
ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 3 لاکھ 08 ہزار 118 ، پنجاب میں 3 لاکھ 33 ہزار 971، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 29 ہزار 413، اسلام آباد میں 80 ہزار 312، بلوچستان میں 24 ہزار 517 ، آزاد کشمیر میں 18 ہزار 739 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 482 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار
کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد62 ہزار 620 ہے،4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 74 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 20 ہزار 251 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 3 ہزار 826 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 817681 ہوگئی ہے۔