اسلام آباد، پشاور (این این آئی، آن لائن)بجلی ایک ماہ کیلئے 84 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے ،سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا کو درخواست دے دی۔ نیپرا کے مطابق درخواست اپریل کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی، نیپرا بجلی سستی کرنے کا فیصلہ 2 جون
کو کرے گا۔ درخواست کے مطابق اپریل میں بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 5.76 روپے رہی۔ سی پی پی اے کے مطابق اپریل میں بجلی کی پیشگی پیداواری لاگت 6.60 روپے فی یونٹ تھی۔دوسری جانب بجلی کے بلوں کے لئے نئے ٹیرف سلیب تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے جس کا اطلاق نئے مالی سال کے بجٹ میں کر دیا جائے گا ۔نئے ٹیرف سلیب کے لئے تقسیم کار کمپنیوں کی طرف سے نیپرا کو باقاعدہ طور پر درخواست دی جائے گی ۔نئے ٹیرف میں مسلسل چھ ماہ دو سو یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے صارف سٹڈی کے لئے ”محفوظ ”ہو گا ۔تین سو سے سات سو یونٹ تک کو مزید سلیب میں تقسیم کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق پاور سیکٹر کی سبسڈی میں کمی کی جارہی ہے جس کے باعث بجلی کے بلوں کے لئے نئے ٹیرف سلیب تشکیل دیا جائے گا اس وقت 2کروڑ20لاکھ صارفین کو پاور سیکٹر میں سبسڈی مل رہی ہے اور نئے ٹیرف کے بعد سبسڈی پانے والے صارفین کی تعداد ایک کروڑ 39لاکھ رہ جائے گی حکومت کی جانب سے پاور سیکٹر کی سبسڈی میں کمی کے فیصلے کے پیش نظر نیا ٹیرف تشکیل دیا جارہا ہے ۔