نیو یارک(نیوز ڈیسک)ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ ،فلمساز و انسانی حقوق کی سرگرم کارکن انجلینا جولی اینیمیٹڈ فلم ”دی بریڈونر”بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔یہ فلم افغانستان کی غریب لڑکی سے متعلق ہے جو خاندان کی کفالت کیلئے لڑکے کا بھیس بدل لیتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی آج کل افغانستان سے متعلق اینیمیٹڈ فلم ”دی بریڈ ونر”بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔یہ فلم طالبان کے زیر تسلط علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک افغان لڑکی پروانہ سے متعلق ہے۔پروانہ اپنے خاندان کی کفالت کیلئے لڑکے کا بھیس بدل لیتی ہے۔اس فلم کو مشہور ناول ”ڈیبورہ ایلیس ”سے ماخوذ کیاگیاہے۔فلم میں پروانہ بہت بہادری دکھاتی ہے۔جب اس کا والد جیل چلاجاتاہے تو یہ لڑکے کا بھیس بدل کر اپنے خاندان کی کفالت کا بیڑہ اٹھاتی ہے۔انجلینا جولی نے اس فلم سے متعلق اپنے بیان میں کہاکہ افغانستان میں پروانہ جیسی لاکھوں لڑکیاں موجود ہیں جو جنگ زدہ علاقے میں انتہائی نامساعد حالات میں اپنے خاندان کی مدد کرتی ہیں۔اس فلم کی کہانی بھی ان لڑکیوں کی اپنے خاندان کی کفالت کیلئے سخت جدوجہد کو اجاگر کرنے سے متعلق ہے۔