لاہور ( نیوز ڈیسک) گلوکارہ ٹینا ثانی نے کہا ہے کہ شوبز میں ترقی بیانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے آئے گی ، جب تک مفاد پرست لوگ شوبز انڈسٹری میں موجود ہیں مسائل کم نہیں ہوں گے ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شعبے میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے صرف اس کو نکھار کر پیش کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے سینئرز کو نئے ٹیلنٹ کی رہنمائی اور سرپرستی کرنا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو مجھے پی ٹی وی جیسا ادارہ میسر آیاجس نے میری صلاحیتوں کے نکھار کر لوگوں کے سامنے پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ گلوکاری کے شعبے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے مگر بدقسمتی سے ان کے مواقع میسر نہیں ہیں ۔