کراچی(این این آئی)کراچی میں روزانہ کی بنیادوں پر جمع ہونے والے کچرے سے لینڈ فل سائٹس پر کچرے سے بجلی بنانے کے پلانٹ لگانے کے لئے پالیسی کو حتمی شکل دے کر اسے منظوری کے لئے سندھ کابینہ کو بھیجنے کا فیصلہ آج وزیر بلدیات،اطلاعات،اوقاف سندھ سید ناصر حسین شاہ اور وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ کی صدارت میں محکمہ توانائی کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لینڈ فل سائٹس پر کچرے سے بجلی بنانے کے پلانٹ لگانے والی کمپنیوں کو زمین بلا معاوضہ فراہم کی جائے گی اور سندھ حکومت کوئی
ٹیکس بھی نہیں لے گی۔ لینڈ فل سائٹ پر کچرے سے بجلی بنانے والی کمپنیاں 35 میگا واٹ تک بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس لگا سکیں گی اور اس لینڈ فل سائٹ پر کچرے سے بننے والی بجلی کے ٹیرف کے لئے نیپرا سے رجوع کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں کچرے سے بننے والی بجلی کے منصوبے کو جلد ہی سندھ کے دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔ اجلاس میں سیکریٹری بلدیات سندھ نجم شاہ، سیکریٹری توانائی سندھ طارق علی شاہ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے سربراہ زبیر احمد چنہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔