اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی آئی اے کی بدنامی کا باعث بننے والے کیبن کریو کے کینیڈا میں غائب ہونے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے کیبن کریو کیلئے سخت قواعد و ضوابط نافذ کردیئے ہیں۔روزنامہ جنگ میں اسد ابن حسن کی شائع خبر
کے مطابق جنرل منیجر فلائٹ سروسز عامر بشیر نے جو ایس او پی جاری کیا ہے اس کے مطابق تمام یورپین پروازوں پر جب کیبن کریو لینڈ کرے گا تو ان کے پاسپورٹ اسٹیشن منیجر اپنی تحویل میں لینے کا پابند ہوگا اور وہ پاسپورٹ واپسی کی فلائٹ کے دن چیک ان سے پہلے حوالے کیے جائیں گے۔ جس ہوٹل میں کیبن کریو ٹھہرے گا، وہاں سکیورٹی اسٹاف اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ فلائٹ پر تعینات تمام کیبن کریو ہوٹل پہنچ چکے ہیں اور اگر کوئی کمی ہوگی تو اس کی اطلاع فورا ہیڈ آفس کو دی جائے گی اور کورونا کے تناظر میں کیبن کریو کو ہوٹل سے باہر جانے کی پابندی ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی آئی اے کے تین کیبن کریو جس میں دو اسٹیورڈ اور ایک ایئرہوسٹس شامل ہیں، کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کی فلائٹ پر جاکر وہاں سلپ ہوچکے ہیں جس سے نہ صرف پی آئی اے بلکہ ملک کی بھی بدنامی ہورہی ہے۔