اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی خواجہ آصف اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ۔ پیر کو اجلاس کے دور ان خواجہ آصف کی تقریر کے دوران فواد چوہدری نے لقمہ دیا اور کہاکہ ہن بس کردیو کتنا بولو گے ۔
خواجہ آصف نے جواب دیاکہ میں بولوں گا تو آپ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ آپ چپ کر جائیں ورنہ میں آپ کے بارے میں وہ حقائق بیان کر دوں گا کہ آپ ایوان میں بیٹھنے کے قابل نہیں رہیں گے ۔فواد چوہدری نے کہاکہ آپ کو بھی سیالکوٹ میں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گا ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ آپ ایسی بات کیوں کریں گے۔ خواجہ آصف نے کہاکہ سچ کڑوا ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہاکہ اسپیکر صاحب خواجہ آصف معافی مانگیں۔ فواد چوہدری نے کہاکہ معافی مانگے بغیر ایوان کی کارروائی آگے نہیں بڑھے گی، ہم ان کے حلقہ کے مسائل سننے نہیں آئے۔ فواد چوہدری نے کہاکہ اسپیکر صاحب آپ رولز کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔اسد قیصر نے کہاکہ فواد چوہدری پلیز حوصلہ رکھیں۔ اسپیکر صاحب میں آپ کے چیمبر میں آ کر اس معاملہ کی وجہ بتا دوں گا۔ بعد ازاں شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک نے فواد چوہدری کو نشست پر بٹھا لیا۔