لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک)سابق سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی وبھٹو دور کے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر غلام حسین نے کہا ہے کہ نواز حکومت ایم کیو ایم کے معاملے میں مصلحت کا شکار ہے۔ نواز‘ زرداری اور الطاف میں کوئی فرق نہیں یہ سب سٹیٹس کو کلب کے ممبر ہیں۔ ایم کیو ایم کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے نا اہل ہونے کی صورت میں حکومت کو اپنا دھڑن تختہ ہوتا نظر آ رہا ہے اس لئے نواز شریف ایکشن لینے سے کترارہے ہیں۔ الطاف حسین نے پاکستان کے خلاف نعرہ لگا کر کھلی بغاوت کی ہے جبکہ را، امریکہ اور اسرائیل سے مدد مانگ کر حکومت پاکستان کو للکارا ہے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ الطاف اور اس کے حواریوں کے خلاف بغاوت کا مقدمہ دائر کیا جائے۔ڈاکٹر غلام حسین نے مزید کہا کہ مادر وطن کے خلاف غداروں کو کو ئی رعایت نہیں ملنی چاہیے ان کو آئین اور قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انھو ں نے کہا کہ نواز شریف کو اپنی کرسی کی نہیں ملک کی پرواہ کرنی چاہیے۔