اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین ابھی کشیدگی ختم نہیں ہوئی۔ہمیں اتحاد کا مظاہرہ جاری رکھنا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی پوزیشن پر آپ کو اللہ تعالیٰ ہی لے کر آتا ہے اور پھر وقت فیصلہ کرتا ہے کہ کون لیڈر ہے اور کون بونے ہیں۔جو وقت کی نزاکت اور چیلنجز کو سمجھیں اور جو رات کو اللہ تعالیٰ سے گڑ گڑا کر دعائیں مانگیں کہ یا اللہ میں اس قابل نہیں تھا لیکن مجھے ایسی توفیق دے کہ میں وہ کام کروں جو اس ملک کے لیے محمد علی جناح اور امت کے لیے حضرت عمرؓ نے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان کوآرڈی نیشن مثالی ہے۔ ایسے مواقع ماضی میں بھی آئے لیکن انہوں نے گنوا دئیے اور میرے خیال سے وزیراعظم عمران خان موقع کی نزاکت کو سمجھتے ہیں۔علی محمد خان نے کہا کہ پہلے پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور پھر وزیراعظم عمران خان نے ایک سٹیٹس مین کا مظاہرہ کیا اور اس کے بعد ہماری پوری پارلیمان بھی ملک کی خاطر ایک ہو گئی یہ وہی پارلیمان ہے جو ایک ہفتہ قبل اسمبلی میں ہلڑ بازی کا مظاہرہ کر رہی تھی لیکن پھرپاکستان کی خاطر ایک ہو گئی جس پر مجھے فخر ہے۔