برلن(این این آئی) جرمن حکام نے کہاہے کہ انہوں نے ٹیکس اخراج کے سرٹیفکیٹ کی بڑے پیمانے پر جعلسازی میں ملوث گینگ سے تعلق رکھنے کے الزام میں 2 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔امریکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق استغاثہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے 37 سال اور 40 سال کی عمر کے 2 آدمیوں کو گرفتار کیا ہے۔دونوں ملزمان اپنے آپ کو حکام کے حوالے کرنے کے لیے پاکستان سے فرینکفرٹ ایئرپورٹ پہنچے تھے تاہم جرمن حکام نے کسی کا نام نہیں بتایا۔فرینکفرٹ پراسیکیوٹر الیگزینڈرا بیڈلے کا کہنا تھا کہ جرمن حکام نے 2014
میں دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی وارنٹ جاری کیے تھے۔دونوں ملزمان پر ایک اور پاکستانی شخص ساتھ مل کر اگست 2009 سے اپریل 2010 کے درمیان جعلسازی کر کے ٹیکس حکام پر 13 کروڑ 60 لاکھ یورو 15کروڑ ڈالرکا جھوٹا دعوی کرنے کا الزام ہے۔واضح رہے کہ ملزمان کے ساتھ یہ جعلسازی کرنے والے پاکستانی کو 2016 میں 8 سال سے زائد عرصہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔اسی طرح کے ایک دوسرے کیس میں ایک گینگ نے ٹیکس دینے کے سرٹیفکیٹ کے ذریعے اپنی وہ رقم واپس لینے کے لیے ڈوشے بینک کا ستعمال کیا جو انہوں نے کبھی ادا ہی نہیں کی تھی۔