نئی دہلی (این این آئی )وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے نریندر مودی کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی تو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نئی بحث کا آغاز ہوگیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اول یہ کہ کیا نریندر مودی اپنی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان کو اسی طرح مدعو کریں گے جس طرح انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو
بلایا تھا؟ اور دوئم یہ کہ اگر نئی دہلی کی جانب سے مدعو کیا جائے تو کیا عمران خان کو جانا چاہیے یا نہیں؟یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مودی کو عام انتخابات میں کامیابی پر جب وزیراعظم نے مبارکباد دی تو انہوں نے اس کا شکریہ ادا کیا لیکن سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایک بحث چھڑ گئی کہ عمران خان نے بہت جلدی مبارکباد دیدی جبکہ کچھ نے خیال ظاہر کیا کہ اس طرح اچھے تعلقات کی بنیاد رکھی گئی ہے۔