دمشق(این این آئی)مشرقی شام میں داعش کے آخری گڑھ الباغوز میں کرد ڈیموکریٹک فورسز کی طرف سے آپریشن جاری ہے۔ 150 داعشی جنگجووں نے ہتھیار ڈال کر خود کو حکام کے حوالے کردیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق مشرقی شام کے علاقے دیر الزور میں الباغوز کے مقام پر داعش کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ گذشتہ روز مزارع الباغوز میں دہشت گرد گروہ کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق داعشی جنگجووں اور کرد ڈیموکریٹک فورسز کے درمیان
گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ داعش کے جنگجوؤں کی باقیات لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ تازہ آپریشن کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو وہاں سے منتقل کرنے ، عام شہریوں اور داعشی خاندانوں کے انخلاء کے لیے فریقین میں جنگ بندی بھی ہوسکتی ہے۔خیال رہے کہ شام کی ڈیموکریٹک فورسز نے سوموار کے روز الباغوز میں داعش کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا۔شام میں یہ داعش کا آخری مضبوط گڑھ ہے جس میں داعش کے خلاف کارروائی جاری ہے۔