انقرہ /دمشق/واشنگٹن(این این آئی) شمالی شام کے منبج شہر میں خود کش حملے میں پانچ امریکی فوجیوں سمیت20افراد ہلاک ہوگئے ، شدت پسند تنظیم داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی،ادھرامریکی نائب صدر کی خاتون ترجمان الیسا فرح نے کہا ہے کہ
شام میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات مل رہی ہیں اور اس بارے میں نائب صدر کو مطلع کردیا گیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز شمالی شام کے منبج شہر میں ایک خود کش حملے میں دو امریکی فوجیوں سمیت 11افراد ہلاک ہوگئے ،منبج میں ہونیوالے خود کش حملے میں امریکیوں کی ہلاکتوں کی متضاد اطلاعات آ رہی ہیں۔ ایک امریکی عہدیدار نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 4 بتائی ہے، ایک امریکی عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ منبج میں ہونے والے خود کش حملے میں چار امریکی فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوئے ، جب کہ ترک صدر طیب ایردوآن نے کہا کہ منبج میں خود ک حملے میں 5 امریکی فوجیوں سمیت 20 افراد ہلاک ہوئے ۔شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے آبزرویٹری مطابق داعش کے حملے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ،ادھر ایک بیان میں شدت پسند تنظیم داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔