بیجنگ(این این آئی)چین میں داخلی سلامتی کی نگران ایجنسی کے سربراہ نے سنکیانگ میں زیر حراست ایغور نسل کے لاکھوں مسلمانوں کی تعلیم کے ذریعے اصلاح پر زور دیا ہے۔ چینی حکومت پر اقلیت کے ساتھ ایسا سلوک اپنانے پر عالمی سطح پر تنقید جاری ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین میں وزیربرائے پبلک سکیورٹی گوو شینگکن نے سنکیانگ کے تین روزہ دورے کے
اختتام پر کہا کہ قیدیوں کے لیے سیاسی تعلیم، نفسیاتی مسائل کے حل کے لیے مدد، ووکیشنل ٹریننگ اور دیگر طریقہ ہائے کار سے تعلیم کے ذریعے اصلاح کا عمل جاری رکھا جانا چاہیے تاکہ یہ قیدی ایک نئی زندگی شروع کر سکیں۔ ان کے بقول سنکیانگ میں سماجی سطح پر استحکام کافی مشکل سے پیدا ہوا ہے اور اب اس کا تحفظ لازمی ہے، جس کے لیے کوششیں مسلسل جاری رکھی جانی چاہیے۔