دمشق(انٹرنیشنل ڈیسک) شام کے جنوبی صوبے درعا میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقے پر روسی فضائیہ کے حملوں میں بائیس شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی کہ روس کے لڑاکا طیاروں نے جنوبی قصبے السیفرا پر 35 حملے کیے ۔ ایک حملے میں ایک تہ خانے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
جس کے نتیجے میں پانچ بچوں سمیت سترہ شہری مارے گئے ۔رصدگاہ کا کہناتھا کہ وہ فضائی حملے کرنے والے طیاروں کا تعیّن ان کی قسم ، استعمال کیے گئے بموں ، مقامات اور پروازوں کے انداز سے کرتی ہے۔اس نے مزید بتایا کہ اسی قصبے پر فضائی حملوں کے بعد اس کا واحد اسپتال بھی ناکارہ ہوگیا تھا۔درعا ہی میں باغیوں کے زیر قبضہ ایک اور علاقے پر فضائی بمباری سے پانچ شہری مارے گئے ہیں۔رصدگاہ کے سربراہ رامی عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ 19 جون کو فضائی حملوں میں شدت کے بعد شام میں ایک دن میں یہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔شامی فوج نے ملک کے جنوب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر 19 جون کو فضائی بمباری شروع کی تھی۔اس کے اتحادی روس کے لڑاکا طیاروں نے 23 جون کو اس علاقے میں اس سال میں پہلا فضائی حملہ کیا تھا۔واضح رہے کہ روس ، امریکا اور اردن نے گذشتہ سال جولائی میں شام کے جنوب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو غیر جنگی زون قرار دینے سے اتفاق کیا تھا۔اس کے بعد سے روس کے لڑاکا طیاروں نے باغیوں کے ٹھکانوں پر حملے نہیں کیے تھے۔