تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل نے غزہ کے گرد سمندر میں باڑ کی تعمیر کا آغاز کردیا ہے تاکہ غزہ کے لوگ سمندری راستے سے غزہ کی حدود سے باہر نہ نکل سکیں۔ بظاہر اسرائیل کا موقف ہے کہ وہ یہ باڑ حماس کے مسلح جنگجوﺅں کو اسرائیل میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے لگا رہا ہے۔اسرائیلی وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ”یہ باڑ تین پرتوں میں لگائی جا رہی ہے۔ پہلی پرت میں یہ پانی
کے نیچے ہو گی۔ اس کے بعد دوسری پرت میں پتھروں سے ایک دیوار بنائی جائے گی اور تیسری پرت میں خاردار تار لگائی جائے گی۔ یہ ایسی باڑ ہو گی جس سے پار نکلنا ناممکن ہو گا۔ اسرائیل کے ڈیفنس چیف ایویگڈور لیبرمین کا کہنا تھا کہ یہ باڑ سمندری راستے سے اسرائیل میں داخلے کو ناممکن بنا دے گی۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے سمندری میں باڑ لگانے کا فیصلہ 2014ءمیں کیا تھا جس پر اب عملدرآمد شروع کیا گیا۔