جوبا(این این آئی) جنوبی سوڈان کے شمال مغربی شہر میں مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا تاہم خوش قسمتی سے عملے سمیت تمام 49مسافر محفوظ رہے ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی سوڈان کے شمال مغربی شہر میں مسافر طیارہ لینڈ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا جس کے باعث طیارے میں آگ لگ گئی جب کہ طیارے میں 40 مسافر اور نو عملے کے لوگ سوار تھے تاہم حادثے کے نتیجے اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
خبر ایجنسی کے مطابق حادثے میں 14 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق موسم خراب ہونے کے باعث طیارہ لینڈ کرتے ہوئے پائلٹ کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس کے سبب حادثہ پیش آیا۔ جنوبی سوڈان کے وزیراطلاعات نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے 14 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر جہاز کی مختلف تصاویر گردش کررہی ہیں جس میں جہاز مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے جبکہ طیارے کے پچھلے حصے میں لگی آگ کو بھی دیکھا جاسکتاہے۔