برسلز(آئی این پی)یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے کئی مسلم اکثریتی ملکوں کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر عائد پابندی کا جائزہ لے رہی ہے تاہم یونین اپنے رکن ملکوں کے شہریوں سے کسی قسم کا کوئی امتیازی سلوک برداشت نہیں کرے گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برسلز سے پیر کے روز موصولہ خبروں میں یورپی یونین کے انتظامی بازو یورپی کمیشن کی ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس نئی لیکن متنازعہ امریکی پابندی سے یورپی شہری بھی متاثر ہوں گے۔ یورپی کمیشن کی ترجمان کے مطابق اس امر کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا یہ پابندی یورپی یونین کی دوہری شہریت رکھنے والے ایسے شہریوں کو بھی متاثر کرے گی، جو پابندی کی زد میں آنے والے سات مسلم ملکوں میں سے کسی ایک کے بھی شہری ہوں۔