نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ریاست ٹینیسی کے جنگل میں لگنے والی آتشزدگی کے باعث 7 افراد ہلاک جب کہ سینکڑوں مکانات اور کاروباری مراکز بھی جل کر خاکستر ہو گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی کے جنگلات گزشتہ کئی ہفتوں سے آتشزدگی کی لپیٹ میں ہیں جس سے نیشنل پارک کا 6 ہزار 400 ہیکٹر کا رقبہ متاثر ہوا ہے۔ آتشزدگی کے باعث اب تک 7 افراد ہلاک جب کہ سینکڑوں مکانات اور کاروباری مراکز جل کر خاکستر ہو گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں مشہور سیاحتی علاقے گٹلین برگ اور اردگرد کے علاقوں میں ہوئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ امریکا کے شمال مشرقی علاقے اور ریاست ٹینیسی کے جنگلات میں لگنے والی آگ کی وجہ خشک سالی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا چکا ہے جب کہ فائر بریگیڈ کے عملے کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں کی پیش گوئی کے باعث آگ پر قابو پانے میں مزید مشکلات پیش آ سکتی ہیں