ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)روس کا نوجوان سائیکلسٹ اپنی سائیکل پر ایک طویل سفر کے ذریعے حج کی ادائیگی کے سلسلے میں حجاز مقدسہ پہنچ گیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس سفر میں روسی نوجوان کو تقریبا 6600 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا تھا۔ 24 سالہ سائیکلسٹ بولاٹ نے مدینہ منورہ کے مقام میقات ذوالحلیفہ پر حجاج کرام کی خدمت کے سلسلے میں سعودی اسکاؤٹس کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں قابل تحسین قرار دیا۔روسی نوجوان بولاٹ نے مسجد نبوی کی زیارت کے لیے آنے والے اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے واسطے رضاکار اسکاؤٹس کی انتھک کاوشوں کو گراں قدر قرار دیا۔ اس نے ذوالحلیفہ کے میقات پر ٹھہرنے کے دوران ان اسکاؤٹس میں اخلاقی اقدار اور مہمان نوازی کے انداز کو بہت زیادہ مسرت آمیز قرار دیا۔اس دوران تمام حجاج کو مدینہ منورہ کے مختلف قسم کی کھجوریں ، مٹھائی اور پانی بطور ہدیہ پیش کیا گیا۔سعودی اسکاؤٹس نے بولاٹ کو ذوالحلیفہ کے میقات سے الوداع کیا۔ روسی نوجوان کی جانب سے سعودی اسکاؤٹس کے جذبہ خدمت اور اس پر عمل پیرا ہونے کے مظاہرے سے حد درجہ متاثر ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ مملکت کے نوجوان اللہ کے مہمانوں کی خدمت اور معاونت کو اپنے لیے باعث سعادت اور باعث افتخار سمجھتے ہیں۔