برلن(مانیٹرنگ ڈیسک)جرمن خفیہ ایجنسی بی ایف وی کے سربراہ ہانس گیورگ ماسن نے کہاہے کہ جرمن شہروں میں استنبول جیسے حملوں کے امکان کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ جرمن اخبارسے گفتگو کرتے ہوئے ماسن کا کہنا تھا کہ حالیہ عسکری شکستوں کے باوجود ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جہادیوں کے حوصلے پست دکھائی نہیں دیتے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کم از کم 17 ایسے خودکش بمبار مہاجرین کی صورت میں یورپ داخل ہو چکے ہیں جو اِس جہادی تنظیم کے ہمدرد ہیں۔ جرمن خفیہ ادارے کے سربراہ کے مطابق یورپ اِس وقت ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے لیے خاصی اہمیت اختیار کر گیا ہے اور یہ تنظیم اِس براعظم کی سول آبادی کو دہشت گردانہ حملوں سے خوفزدہ کرنے کی کوششوں میں ہے۔