تہران (این این آئی) ایرانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ علی عابد زادے نے کہاہے کہ تہران کا امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ سے 100 طیارے خریدنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے تاہم امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے اس کی توثیق ہونا ابھی باقی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق علی عابد زادے نے ایرانی میڈیا کو بتایا کہ ایران کو 250 میں سے 230 طیاروں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے بتایا کہ تحریری معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں لیکن ابھی اس حوالے سے کوئی واضح وقت نہیں بتایا جا سکتا کہ کب امریکی محکمہ خزانہ سے اس معاہدے کی توثیق ہوگی۔خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز سے اب تک ایران نے تین مغربی طیارہ ساز کمپنیوں کو تقریباً دو سو طیاروں کا آرڈر دیا ہے۔ یہ پیش رفت ایران پر سے معاشی پابندیاں ختم ہونے کے بعد ممکن ہوسکی ۔