واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست الاباما کی بالڈ ون کاؤنٹی کے کمشنر نے اورلینڈو حملے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں پرچم سرنگوں کرنے کا صدارتی حکم ماننے سے انکار کردیا۔امریکی ادارے کی رپورٹ کے مطابق کاؤنٹی کمشنر ٹکر ڈورسے نے کہاکہ انہوں نے صدر اور الاباما کے گورنر کا حکم ماننے سے انکار کیا کیوں کہ امریکہ کا فلیگ کوڈ اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ مجھے اس واقعے پر دلی صدمہ ہے تاہم میں پرچم سرنگوں کرنے کے حق میں نہیں کیوں کہ قانون کے تحت امریکی پرچم صرف اسی وقت سرنگوں کیا جاسکتا ہے جب کوئی ایسا شخص چل بسے جس نے ملک کے لیے کارہائے نمایاں انجام دیئے ہوں۔انہوں نے کہا کہ قوانین کے مطابق میموریل ڈے اور سرکاری حکام کی موت پر بھی پرچم سرنگوں کیا جاسکتا ہے لیکن ‘اورلینڈو حملے میں ہلاک ہونے والے عام لوگ تھے۔ڈورسے نے کہا کہ انہوں نے پیرس اور سان برنارڈینو حملے کے بعد بھی پرچم سرنگوں نہیں کیا تھا۔ڈورسے کا ماننا ہے کہ دہشت گردی کے کسی واقعے کے بعد پرچم کو سرنگوں کرنا ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے، اس کے بجائے پرچم کو پورے آب و تاب کے ساتھ لہرانا چاہیے تاکہ دہشت گردوں کو یہ پیغام ملے کہ ہم نے شکست تسلیم نہیں کی۔