کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے آخری روز تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای-100 انڈیکس 598 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 44 ہزار 179 پر مثبت رجحان کے ساتھ بند ہوا۔ پی ایس ایکس میں کاروباری ہفتے کے آخری روز تیزی سے دن کا آغاز ہوا جو اختتامی لمحات تک جاری رہا اور چند لمحے قبل تک بلند تر سطح 44 ہزار 203 پوائنٹس تک پہنچ گیا تھا۔
مارکیٹ میں مجموعی طور پر 378 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 271 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 92 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں مندی اور 15 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سیمنٹ کا شعبہ 3 کروڑ 39 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ سرفہرست رہا۔ پی ایس ایکس میں مجموعی طور پر 20 کروڑ 95 لاکھ حصص کی لین دین ہوئی جس کا تجارتی حجم 10 ارب 75 کروڑ روپے رہا۔
سب سے زیادہ کاروبار ورلڈ کال ٹیلی کام کے حصص میں ہوا جو 1 کروڑ 29 لاکھ 62 ہزار 500 حصص رہا جس کی قیمت 2.83 روپے سے شروع ہو کر 2.87 روپے پر بند ہوئی۔ سوئی سدرن گیس کے 1 کروڑ 22 لاکھ 24 ہزار 500 حصص، دیوان سیمنٹ کے ایک کروڑ 14 لاکھ، فوجی سیمنٹ اور ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 80، 80 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ نمایاں رہیں۔