اسلام آباد(نیوزڈیسک) رواں مالی سال پہلی ششماہی میں بجٹ خسارہ111 ارب روپے اضافے سے651 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے دسمبر دوہزار چودہ کے دوران حکومتی اخراجات دو کھرب چالیس ارب روپے تک پہنچ گئے جبکہ آمدنی صرف ایک کھرب سات سو اننچاس ارب روپے رہی، جس کی بنا پر بجٹ خسارہ چھ سو اکیاون ارب روپے تک پہنچ گیا، جو جی ڈی پی کے دو اعشاریہ دو فیصد کے برابر ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ حکومتی اخراجات اور آمدنی کے درمیان فرق کے باعث رواں مالی سال بجٹ خسارہ چار اعشاریہ نو فیصد کے مقررہ ہدف سے تجاوز کر سکتا ہے، جبکہ جاری مالی سال کی دوسری ششماہی کے دوران اضافی اخراجات، قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور متاثرین لوگوں کی آباد کاری کے باعث بجٹ خسارے میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔