پشاور (این این آئی)خیبر پختونخوا اسمبلی میں رکن صوبائی اسمبلی سردار حسین بابک نے قرآن پاک کا ترجمہ اور تفسیر علاقائی زبانوں میں کرنے سے متعلق قرارداد ایوان میں جمع کروادی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ قومی و علاقائی زبانوں میں ترجمہ و تفسیر سے صوبے کا ہر شہری قرآن مجید کو بہتر طور پر سمجھ سکے گا۔قرارداد عوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سردار حسین بابک نے جمع کروائی۔قرارداد میں کہا گیا کہ قرآن مجید فرقان حمید ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو قیامت تک انسانیت کی مکمل رہنمائی اور ہدایت کا سر چشمہ ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت صوبے کی تمام مساجد میں قرآن کریم کا ترجمہ و تفسیر آسان فہم قومی و علاقائی زبانوں میں لازمی قرار دے۔