اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ انہوں نے عمر فاروق ظہور سے وزیر اعظم آفس کی ہدایات پر ملاقاتیں کی تھیں۔
ٹوئٹر پر فیصل واوڈا نے اپنی عمر فاروق ظہور سے ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا ” عمر فاروق سے ہونے والی یہ ملاقات میری وزارت کے دفتر میں وزیراعظم آفس کی ہدایت پر ہوئی تھی جس میں میرے علاوہ دیگر چار وزیر اور تمام وزارتوں کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔ عمر فارق اور دیگر سے ہونے والی یہ ملاقات دبئی ڈیلیگیشن کےتحت ہوئی تھی، اس تصویر کو جو رنگ دینا چاہیں دیں کوئی ڈر نہیں۔”ادھرروزنامہ جنگ اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق عمر فاروق ظہور خلیجی ریاست کے شاہی خاندان کے ایک فرد کے قریبی ساتھی ہیں اور وہ پاکستان میں مختلف تقاریب میں ایک ساتھ دیکھے گئے ہیں۔ اپریل، 2019 کو ہونے والے ایک اجلاس میں عمر فاروق ظہور ، شاہی خاندان کے فرد کے ساتھ فیصل واوڈا سے ملے تھے جو کہ اس وقت وزیر آبی وسائل تھے۔ اس طرح کی ایک ملاقات وزیر اقتصادی امور عمر ایوب سے بھی ہوچکی ہے۔