اسلام آباد (نیوز ڈیسک) راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں 11 سالہ کائنات کی ہلاکت کے واقعے میں غفلت ثابت ہونے پر پیڈز سرجری کے دو ڈاکٹرز کو معطل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری صحت پنجاب نے ڈاکٹر کامران اور ڈاکٹر سلمان کو فوری طور پر لاہور طلب کر کے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق 29 اگست کو کائنات کو پیٹ درد کی شکایت پر اسپتال لایا گیا، جہاں غلط تشخیص کے نتیجے میں اس کا اپینڈکس کا آپریشن کر دیا گیا۔
اہلخانہ کے مطابق بچی مسلسل تکلیف میں رہی اور بالآخر جان کی بازی ہار گئی۔ایم ایس ہولی فیملی اسپتال کی ابتدائی رپورٹ اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کی ہائی لیول کمیٹی کی تحقیقات میں دونوں ڈاکٹروں کو غفلت، نااہلی اور علاج میں تاخیر کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔دوسری جانب پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی انکوائری شروع کر دی ہے، جس میں دونوں کمیٹیوں کی رپورٹس کا جائزہ لے کر آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے سفارشات پیش کی جائیں گی۔