اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں اصل اشتہاری ملزم نے اپنی جگہ اپنے دوست کو پیش کر دیا۔ عدالت نے ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کی عدالت میں پیش آیا، جہاں اشتہاری بلال خان نے اپنی جگہ شاہد کریم نامی دوست کو عدالت میں بھیج دیا۔
جیسے ہی عدالت نے شاہد کریم کو جیل منتقل کرنے کا حکم دیا، وہ دوبارہ عدالت میں پیش ہو کر اقرار کرنے پر مجبور ہو گیا کہ وہ اصل ملزم نہیں ہے۔اس اعتراف کے بعد جعلی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا جبکہ پولیس نے اصل اشتہاری بلال خان کو بھی بعد میں دھر لیا۔ پولیس کے مطابق اب دونوں دوست اکٹھے جیل کی ہوا کھائیں گے۔