اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت نے دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر بگلیہار اور سلال ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے ہیں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق پاکستان کو ہائی کمیشن کے ذریعے اطلاع فراہم کر دی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق، بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث دریائے چناب میں طغیانی پیدا ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں بگلیہار ڈیم کے اسپل ویز اور دریائے چناب پر قائم سلال ڈیم کے دروازے کھولے گئے ہیں۔
دوسری جانب، بھارتی ہائی کمیشن نے حکومت پاکستان کو ایک مراسلے کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ دریائے ستلج میں ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں کے مقامات پر بھی پانی چھوڑا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔وزارتِ آبی وسائل نے بھارتی مراسلے کے بعد ملک میں فلڈ الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے جا سکیں۔