اسلام آباد (نیوز ڈیسک) شہر بھر میں طوفانی بارشوں اور ناکافی نکاسی آب کے نظام کے باعث بدترین اربن فلڈنگ پیدا ہو گئی۔ کئی علاقوں میں 4 فٹ تک پانی کھڑا ہے جس نے شہری زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔مدینہ سیداں، کچہری چوک، گوندل چوک، ظہور الٰہی اسٹیڈیم اور جیل چوک سمیت اہم مقامات ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہیں اور مساجد سے مسلسل اعلانات کیے جا رہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اب تک مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔نالہ بھنڈر اور نالہ بھمبر میں آنے والے تیز بہاؤ نے کئی گھروں کو متاثر کیا اور ایک مکان پانی میں بہہ گیا۔
دکانوں کا سامان ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ احاطہ سیشن کورٹ سمیت متعدد سرکاری عمارتیں بھی زیرِ آب آ چکی ہیں۔مقامی لوگ محفوظ مقامات کی تلاش میں اپنے گھروں سے نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات اور گوجرانوالہ ڈویژن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 506 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو حالیہ برسوں کا سب سے زیادہ ریجنل رین فال ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔