اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سندھ حکومت نے 5، 6 اور 7 ستمبر کو تین روزہ تعطیلات دینے کا اعلان کر دیا۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 5 اور 6 ستمبر بروز جمعہ اور ہفتہ عام تعطیل ہوگی جبکہ 7 ستمبر اتوار کی معمول کی چھٹی ہوگی۔ یوں صوبے کے عوام کو مسلسل تین دن کی چھٹی میسر آئے گی۔اس سے قبل وفاقی اور پنجاب حکومتیں بھی 12 ربیع الاول کے موقع پر چھٹی کا اعلان کر چکی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن کی جانب سے 6 ستمبر، ہفتہ کے روز عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔پنجاب حکومت کے اعلامیے کے مطابق ہفتہ کے روز تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے، جبکہ سول سیکرٹریٹ معمول کے مطابق پہلے ہی ہفتہ کو بند رہتا ہے۔ صوبائی انتظامیہ نے واضح کیا کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی خدمات جاری رہیں گی مگر او پی ڈیز اور دیگر انتظامی دفاتر بند رہیں گے۔ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ اسی دوران متحدہ عرب امارات کے فلکیاتی مرکز نے آئندہ سال رمضان المبارک کے آغاز کی ممکنہ تاریخ بھی جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق رمضان 1447 ہجری 18 فروری 2026 سے شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ چاند 17 فروری کو نظر آنے کی توقع ہے۔ اسی طرح عید الفطر 19 مارچ 2026 کو متوقع ہے۔