لاہور (مانیٹرنگ، این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں شکست تسلیم کر لی ہے، ن لیگ کے رہنما ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے پنجاب میں واضح برتری حاصل کر لی ہے اور ہم اپنی شکست تسلیم کرتے ہیں، واضح رہے کہ غیرسرکاری
اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پنجاب کے دو حلقوں میں تحریک انصاف جیت چکی ہے جبکہ پندرہ حلقوں میں واضح برتری حاصل کئے ہوئے ہے اور قوی امید کی جا رہی ہے کہ ان میں تحریک انصاف ہی کامیابی حاصل کرے گی، لاہور کے چاروں حلقوں میں سے تین حلقوں میں تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہو گئی ہے، اب تک پولنگ اسٹیشنز سے موصول ہونے والے نتائج کے مطابق پی پی 158 لاہور میں تحریک انصاف کے میاں اکرم عثمان 16700 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ ن لیگ کے رانا احسن شرافت 13584 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، لاہور پی پی 167 میں اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار شبیر احمد گجر 13153 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ ن لیگ کے نذیر احمد چوہان نے اب تک 8078 ووٹ حاصل کئے ہیں، لاہور پی پی 168 میں ن لیگ کے امیدوار برتری حاصل کئے ہوئے ہیں ن لیگ کے امیدوار اسد کھوکھر نے اب تک 8575 ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے رہنما محمد نواز اعوان 5195 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، لاہور پی پی 170 میں تحریک انصاف کے رہنما برتری حاصل کئے ہوئے ہیں انہوں نے اب تک 11174 ووٹ حاصل کئے ہوئے ہیں جبکہ ن لیگ کے محمد ذوالقرنین 6627 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، واضح رہے کہ ملتان میں تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی 46 ہزار 427 ووٹ لے
کر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں ن لیگ کے محمد سلمان نعیم نے 40 ہزار 250 ووٹ حاصل کئے ہیں، اس طرح غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق ملتان سے تحریک انصاف کے امیدوار جیت گئے ہیں۔ واضح رہے کہ متعدد ووٹرز الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ووٹرزلسٹ میں مبینہ غلطیوں کی شکایات کرتے ہوئے نظر آئے،ووٹرز اپنے ووٹ آبائی حلقوں سے دوسرے حلقوں میں منتقل ہونے کی شکایات کرتے رہے۔ ماضی کی طرح ضمنی انتخابات میں بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ووٹرزلسٹ میں مبینہ طور پر غلطیاں سامنے آئیں۔