سرگودھا (مانیٹرنگ ڈیسک) زمینداروں سے ٹیکس وصول کرنے کے لئے ڈھولچیوں کو میدان میں اتارنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سرگودھا ڈویژن کے کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے زرعی ٹیکس نہ دینے والے زمینداروں سے ٹیکس وصول کرنے کے لئے ڈھولچیوں سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے، کمشنر نے حکم دیا ہے کہ ڈھول والوں کے ذریعے گاؤں گاؤں اعلانات کرائے جائیں کہ جو زمیندار زرعی ٹیکس نہیں دے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نہ صرف ڈھولچی یہ اعلان کریں گے بلکہ ان کے ذریعے زمین داروں کو نوٹس بھی جاری کئے جائیں گے۔ ٹیکس نہ دینے والے زمینداروں کے گھروں کے دروازوں پر نوٹس چسپاں کئے جائیں گے۔ کیبل ٹی وی پر اشتہار بھی دیے جائیں گے۔