اسلام آباد (آئی این پی، این این آئی)مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کے حق میں ووٹوں دینے والوں کی فہرست سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری کردی، مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ن لیگ کے84، پی پی کے56،ایم ایم اے
کے 14ارکان ، ایم کیو ایم کے6 ، پی ایم ایل ق کے 2 ارکان ،اے این پی کاایک رکن ، بی این پی کے4، جے ڈبلیو پی کا ایک رکن ، 4آزاد امیدوار موجود ہیں۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق گور نر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عمران خان کو چاہیے پچ لگی رہنے دیں۔اسمبلی اجلاس کے سے قبل پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ کے رہنما محمد زبیر نے کہاکہ عمران خان کو چاہیے اگر وہ کرکٹ کی باتیں کرتے ہیں تو پچ لگی رہنے دیں۔محمد زبیر نے ووٹ پورے ہونے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ اگر ضرورت پڑی تو منحرف اراکین کے ووٹ بھی ڈلوائے جا سکتے ہیں۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کوئی روگردانی نہیں ہونے دی جائے گی۔اسمبلی اجلاس کے سے قبل پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے اس سوال کے جواب میں کہ حکومت انھیں ٹف ٹائم دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
مسلم لیگ (ن )کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلے دس پندرہ دن میں انھوں نے کیا ٹف ٹائم دیا ہے ہمیں؟۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کے فضل سے ہم چھوٹی موٹی رکاوٹیں عبور کرکے اپنی منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔سیشن برخاست کرنے کی صورت میں ان کا لائحہ عمل کیا ہوگا؟ اس کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کوئی روگردانی نہیں ہونے دی جائیگی۔