اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں عہدے سے ہاتھ دھو بیٹھے تو کیاوہ دوبارہ اسی اسمبلی سے وزارت عظمیٰ کے انتخاب میں کامیاب ہوکر دوبارہ وزیراعظم آفس کی کرسی سنبھال سکتے ہیں؟۔ نجی ٹی وی آئی کے مطابق
آئین کی رو سے تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں وزیراعظم اپنے عہدے سے فوری طور پر الگ ہوجائیں گے اور وفاقی کابینہ بھی فوری طور پر تحلیل ہوجائیگی۔اس کے فوری بعد اسپیکر قومی اسمبلی اجلاس طلب کریں گے جس میں وزیراعظم کے انتخاب کا عمل دوبارہ سے شروع ہوگاجس میں جو بھی رکن اکثریت یعنی 172 ارکان کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا وہ نیا وزیراعظم منتخب ہوجائے گا۔عمران خان کو بھی دوبارہ ان کی جماعت کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کیا جاسکتا ہے، کیونکہ ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت برقرار رہے گی اور وہ دوبارہ انتخاب میں حصہ لے سکتے ہیں، اگر عمران خان نے دوبارہ اکثریتی ارکان کی حمایت حاصل کرلی تو وہ دوبارہ وزیراعظم بن جائیں گے۔نیا وزیراعظم جو بھی منتخب ہوگا وہ اپنے عہدے کا حلف لیگا اور پھر نئی کابینہ تشکیل دیگا۔خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی جا چکی ہے جس کے بعد اب اسپیکر قومی اسمبلی اجلاس طلب کر کے پہلے اس معاملے پر بحث کروائیں گے اور پھر ووٹنگ کروائی جائے گی۔اگر اپوزیشن نے وزیراعظم کے خلاف 172 یا زائد ووٹ حاصل کر لیے تو پھر وزیراعظم عمران خان کو عہدے سے مستعفی ہونا پڑے گا۔