لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ خاں نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ کی ذمہ داری وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت پر عائد ہوتی ہے ،عمران نیازی جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرائیں ،
سیالکوٹ میں اتنا بڑا واقعہ ہوگیا عمران نیازی نے استعفیٰ نہیں دیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے پاکستان میں حادثات، سانحات اور بری خبریں پاکستان کا مقدر بن گئی ہیں، موٹر وے حادثہ، ریل حادثات، خودکشیاں، مارے جانے کے واقعات، خون خرابے اور وارداتیں بلند ترین سطح پر ہیں ،ملک میں امن وامان بھی غارت ہوچکا ہے ،ٹویٹ کر کے عمران نیازی نے واقعے کی سنگینی کو سنجیدہ نہیں لیا،اب تک کے اقدامات نمائشی لگ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی جیسا انتہاپسند اقتدار میں ہو تو ملک میں ایسے واقعات کا ہونا انہونی نہیں ، سرکاری عمارتوں پر حملے کرانے اور عوام کو اکسانے والے حکمران ہوں تو عوام کا تحفظ ممکن نہیں،عمران نیازی نے معاشرے کو انتہا پسندانہ سوچ دی ہے، عمران نیازی نے معاشرے کو عدم برداشت کا کلچر پیدا کیا، عمران صاحب مار دو، آگ لگا دو، سیاسی مخالفین پر گولیاں چلواو جیسے ماحول کا باعث بنے۔