سیہون شریف(این این آئی)حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار کو36دن بعد زائرین کیلئے کھول دیا گیا،جمعہ کو دمادم مست قلندر کی صدائیں گونج اٹھی، ملک بھر سے زائرین سیہون شریف پہنچ گئے،
دھمالیں ڈال کر عقیدت کا اظہارکیا،اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔سندھ سرکار نے حضرت لعل شہباز قلندر رح کا مزار عام زائرین کیلئے کھول دیا ہے، مزار کھلنے کے بعد سیہون شریف میں دمادم مست قلندر کی صدائیں گونج اٹھیں، مزار قلندر پر ملک بھر سے زائرین آمد شروع ہوگئی ہے، کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے باعث مزار قلندر کو 26 جولائی کو زائرین کیلئے بند کردیا گیا تھا۔مزار قلندر لعل شہباز پر زائرین کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے، مزار کے مین گیٹ پر سینیٹائیزر گیٹ نصب کرکے زائرین کی سخت چیکنگ کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے۔ محکمہ اوقاف اور پولیس کی جانب سے زائرین کو سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایات دی جارہی ہیں۔ محکمہ اوقاف سندھ کے مطابق پچاس سال سے بڑی عمر کے زائرین پر مزار قلندر میں داخلے پر پابندی ہوگی۔ زائرین مزار قلندر پر ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں۔ دوسری جانب سے قلندر کی مزار پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیئے گئے ہیں، اسی پولیس اور بیس لیڈیز اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔