کراچی (این این آئی) شہر قائد سے گرفتار ایس آر اے دہشت گردوں کو جرمنی سے بھی ہدایات ملنے کا انکشاف سامنے آیا ،ملزمان نے بتایا کراچی میں لسانی بنیادوں پرخود و ہراس پھیلانے کے لیے احکامات ملتے تھے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی سے گرفتار
ایس آر اے دہشت گردوں نے تفتیش کے دوران چونکا دینے والے انکشافات کئے ، ملزمان نے بتایا کہ جرمنی سے شاہنوازبھٹو، افغانستان سے اصغرشاہ کے احکامات ملتے ہیں اور شاہنوازبھٹو،اصغرشاہ کے احکامات پر ایس آر اے کو عاقب چانڈیو چلا رہا ہے۔ملزمان نے بیان میں کہا کہ کراچی میں لسانی بنیادوں پر خوف و ہراس پھیلانے کے لیے احکامات اور غیر سندھیوں کو قتل کرنے کے احکامات ملتے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ محمدیونس اورسراج کو کورنگی پولیس نے 14 اگست کوگرفتارکیاتھا ، ملزمان کوایک شہری کوشدیدزخمی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا جبکہ اسی گروپ کے ارکان نے لاڑکانہ میں بھی قتل کی وارداتیں کیں۔حکام نے کہا ہے کہ ستاراورسہیل لاشاری کی تلاش میں پولیس چھاپوں کاسلسلہ جاری ہے۔یاد رہے گزشتہ سال سندھ پولیس کے انسداد دہشت گردی کے محکمے نے کراچی اور گھوٹکی میں رینجرز کے موبائلوں اور چوکیوں پر گرینیڈ اور کریکر حملوں میں ملوث کالعدم سندھ انقلاب آرمی(ایس آر اے)سے منسلک چار ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔سی ٹی ڈی کے ڈی آئی جی عمر شاہد حامد نے کہا تھا کہ پولیس نے وفاقی خفیہ ایجنسی کے ساتھ مل کر ملزمان کو گرفتار کیا ، ان سے دستی بم اور پستول برآمد ہوئے۔