اسلام آبا د(این این آئی) ادارہ شماریات نے قیمتوں کے حساس اعشاریہ سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی،گزشتہ ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.03 فیصد اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر مہنگائی 12.20 فیصد پر ریکارڈ کی گئی،گزشتہ ہفتہ میں ایل پی جی کی قیمت میں 9.58 فیصد، ٹماٹر 6.64 فیصد، انڈے 3.52 فیصد مہنگے
ہو گئے،پٹرول 4.73 فیصد،بناسپتی گھی 2.52 فیصد، پیاز کی قیمت میں 2.34 فیصد بڑھ گئی،ڈیزل 2.30 فیصد، بناسپتی گھی 1.81 فیصد، چینی 1.49 فیصد،اورکوکنگ آئل کی قیمت میں 1.23 فیصد اضافہ ہوا،گزشتہ ہفتہ روزمرہ استعمال کی 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ 6 کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا، چکن کی قیمت میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 18.35 فیصد، کیلا کی قیمت میں 1.32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، دال مونگ 1.32 فیصد، آلو 1.23 فیصد، دال ماش 0.58 فیصد اوردال چنا کی قیمت میں 0.06 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے،یکم اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا امکان ہے،اوگرا کی حتمی سفارشات پٹرولیم ڈویژن کو موصول ہوگئی،پٹرول کی قیمت میں 1 روپیہ 71پیسے فی لٹر کا اضافہ تجویز اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کا اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 24 پیسے اضافے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 27 پیسے فی لٹر کمی کی تجویز پیش کی گئی،حتمی فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت کے بعد ہفتہ کو کیا جائے گا،نئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا نوٹیفیکشن وزارت خزانہ جاری کرے گینئی قیمتوں پر عملدرآمد یکم سے 15 اگست تک کیلئے ہوگا۔