اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزائوں کے خلاف اپیلیں مسترد کر دیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ روز نوازشریف کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا
جسے آج دو رکنی بینچ کی جانب سے سنا دیا گیا، نوازشریف کی اپیلیں عدالت کی جانب سے اشتہاری ہونے کی بنیاد پر خارج کی گئی ہیں ۔ عدالت نے نیب کی استدعا قبول کر لی ہے جس میں کہا گیاتھا کہ نوازشریف جان بوجھ کر اشتہاری ہو چکے ہیں جس کے باعث وہ حق سماعت بھی کھو چکے ہیں ۔ عدالت نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے نوازشریف کی اپیلیں خارج کر دی ہیں ۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نوازشریف ایون فیلڈ میں دس سال اور العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نوازشریف کی اپیلیں خارج ہونے پر احتساب عدالت کی سزائیں برقرار ہیں۔یاد رہے گزشتہ روزپاکستان مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا تھا کہ اگر نواز شریف کیلئے انصاف، زندگی وصحت کی ضمانت دی جائے تو انہیں آج شام کی پرواز سے ہی واپس بلا لوں گی۔