اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)سندھ کے وزیراعلیٰ نے کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بند کرنے کا حکم جاری کردیا، تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں کورونا کی صورتحال پر غور کیا گیا اور صوبے میں
ویکسی نیشن کے اعدادو شمار کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بند کی جائیں۔مراد علی شاہ نے وزارت خزانہ کو ہدایت دی ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کی تنخواہیں جولائی سے بند کی جائیں۔دوسری جانب کوروناوبا کے باعث مزید 92 افراد جاں بحق اور2 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 523 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 13367920 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 028 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 926,695 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 3 لاکھ 20 ہزار 488 ، پنجاب میں 3 لاکھ 40 ہزار 989، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 33 ہزار 450، اسلام آباد
میں 81 ہزار 446، بلوچستان میں 25 ہزار 370 ، آزاد کشمیر میں 19 ہزار 344 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 608 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد53 ہزار 099 ہے، 3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران
ملک بھر میں کورونا سے مزید 92 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 21 ہزار 022 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 3 ہزار 889 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 852,574 ہوگئی ہے۔